ضلع جہلم میں اوور لوڈنگ اور سلنڈر نصب کرنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کی شامت آگئی

جہلم: ضلع جہلم میں اوور لوڈنگ اور گیس سلنڈر نصب کر کے مسافروں کی جانوں سے کھیلنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر پولیس اور ٹریفک حکام نے بھرپور ایکشن شروع کر دیا، متعدد گاڑیوں کے ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔
پنڈدادنخان میں کارروائی کے دوران ایک ایسی گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جس میں گیس سلنڈر نصب تھا اور جو اوور لوڈنگ کا مرتکب پایا گیا۔ ڈرائیور کو موقع پر گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کو وارننگ دی جاتی ہے کہ اگر آئندہ کوئی قانون شکنی کا مرتکب پایا گیا تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جہلم و چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی میثم عباس نے بھی سخت ایکشن لیتے ہوئے ضلع جہلم کی حدود میں پبلک ٹرانسپورٹ کی چھتوں پر سواری بٹھانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی کے ڈرائیور اور مالکان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو باقاعدہ ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے کہ وہ اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروائیں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔



