ریسکیو 1122 جہلم کی ماہ جنوری کی کارکردگی رپورٹ جاری، 2092 افراد کو ریسکیو کیا گیا

جہلم: ریسکیو 1122 جہلم نے ماہ جنوری 2025 کے دوران مجموعی طور پر 2092 افراد کو ریسکیو کیا جبکہ 1358 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ماہانہ کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ جنوری کے دوران ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر 6479 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 2149 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان ایمرجنسیز میں 313 روڈ ٹریفک حادثات، 1545 میڈیکل ایمرجنسیز، 43 آتشزدگی کے واقعات، 20 کرائم کیسز اور 228 متفرق نوعیت کی ایمرجنسیز شامل تھیں۔

ماہ جنوری میں مختلف ایمرجنسیز کے دوران 96 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں زیادہ تر کا تعلق میڈیکل ایمرجنسیز سے تھا۔ ریسکیو 1122 نے اپنے روایتی برق رفتار رسپانس ٹائم کو برقرار رکھتے ہوئے دیہی علاقوں میں اوسطاً 8 منٹ 48 سیکنڈ جبکہ شہری علاقوں میں 6 منٹ 84 سیکنڈ میں امدادی کارروائیاں انجام دیں۔

ریسکیو 1122 نے محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے ماہ جنوری میں مختلف سکولوں، کالجز اور اداروں میں فرسٹ ایڈ اور فائر سیفٹی کی تربیت فراہم کی۔ علاوہ ازیں یونین کونسل کی سطح پر کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی تشکیل کا عمل جاری ہے جبکہ سکاوٹس کے لیے CADRE ٹریننگ کے انعقاد کا بھی سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

ضلع جہلم میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ریسکیو 1122 نے 83 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے پورے ماہ کے دوران ریسکیورز کی کارکردگی کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم ہر وقت آفات سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بہترین خدمات فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکاروں کی محنت اور لگن ہی ادارے کی کامیابی کا ثبوت ہے اور مستقبل میں بھی عوام کی خدمت کا یہ جذبہ برقرار رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button