یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کا محکمہ بند، سینکڑوں ملازمین تنخواہوں سے محروم، شدید مالی مشکلات کا شکار

جہلم: یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کا محکمہ بند ہونے کے بعد سینکڑوں ملازمین شدید کسمپرسی اور مالی بحران کا شکار ہو گئے ہیں۔ کئی ماہ گزر جانے کے باوجود تاحال ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جس کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں اور سابق ملازمین کے حالات دن بدن بگڑنے لگے ہیں۔
متاثرہ ملازمین کے مطابق محکمہ بند کیے جانے کے فیصلے کے بعد نہ تو کسی باضابطہ طریقہ کار کا اعلان کیا گیا اور نہ ہی مستقبل روزگار، مستقل کرنے یا تنخواہوں کے اجرا سے متعلق کوئی واضح پالیسی سامنے لائی گئی۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی نے انہیں شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے اور گھریلو اخراجات پورے کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔
ملازمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بقایا جات کی ادائیگی کے احکامات جاری کیے جائیں اور ان کے مستقبل کے روزگار کے حوالے سے جامع اور واضح پالیسی متعارف کروائی جائے۔ سابق ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر یہ مسئلہ فوری حل نہ ہوا تو سینکڑوں خاندان مزید سنگین بحران کا شکار ہو جائیں گے۔
متاثرہ ملازمین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ کئی ماہ سے مشکلات کا سامنا کرنے والے خاندانوں کو ریلیف مل سکے۔



