پنجاب میں افسران کے تقرر و تبادلوں بارے نام فائنل، خفیہ اداروں سے رپورٹ طلب

جہلم: وزیراعلیٰ کی پولیس اور بیوروکریسی بارے چیف سیکرٹری سے مشاورت مکمل، افسران کے تقررو تبادلوں بارے نام فائنل، نئے تعینات ہو نیوالے افسران بارے خفیہ اداروں سے رپورٹ طلب، نوٹیفکیشن پیر کو متوقع، ایماندار افسران اہم عہدوں کیلئے فائنل کر لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں پولیس وسول بیورو کریسی کے تبادلوں کے لئے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب پولیس سے مشاورت کی جس میں پنجاب بھر میں افسران کے تقرری و تبادلوں کے حوالے سے افسران کے نام فائنل کردیئے گئے جن کا نوٹیفکیشن 29 اپریل بروز پیر متوقع ہے۔
آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کے علاوہ ممکنہ طور پر نئے تعینات ہونے والے افسران بارے خفیہ اداروں سے رپورٹس بھی طلب کی گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اداروں کے سربراہان پر واضع کر دیا تھا کہ انکے دور حکومت میں صرف اچھی شہرت کے حامل افسران کی تعیناتی ہوگی۔
اس حوالے سے ممکنہ طور پر انتظامی عہدوں پر تعینات کرنے سے وزیر اعلیٰ پنجاب نے ان کی شہرت اور کارکردگی کے حوالے سے رپورٹس طلب کی تھیں جن کی بنیاد پر اہل ایماندار اور پر فیشنل افسران کو اہم عہدوںپر تقرر کیا جائے گا۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل اور ڈپٹی سیکرٹری کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلدار، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کے تبادلے متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم عہدوں پر تعینات ایماندار اور پرفیشنل افسران کے تبادلے کئے جائیں گے۔



