معیاری اور مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، پرائس کنٹرول اقدامات اور مجسٹریٹس کی فیلڈ سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو مختلف مارکیٹوں میں گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے مارکیٹوں کے باقاعدہ دورے کیے جائیں اور قیمتوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے واضح کیا کہ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور دکانوں پر سرکاری نرخ نامے آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف موقع پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی دکاندار یا تاجر کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں، سبزی و فروٹ منڈیوں، کریانہ سٹورز، بیکریوں، قصابوں اور دیگر کاروباری مراکز کی چیکنگ کریں تاکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عام آدمی کو سستی، معیاری اور مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ عوامی ریلیف کے معاملات میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا نرمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران سے بازپرس کی جائے گی۔
اجلاس میں تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی روزانہ کی کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے ضلعی انتظامیہ کو پیش کریں تاکہ قیمتوں کی نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع بھر میں گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔



