عید کی آمد؛ جہلم کے بازاروں میں رش بڑھ گیا، قیمتوں میں اضافے سے شہری پریشان

جہلم: عیدالفطر قریب آتے ہی جہلم شہر اور گردونواح میں خریداری کا رجحان بڑھ گیا، بازاروں اور مارکیٹوں میں خریداروں کا رش نظر آنے لگا۔ تاہم کپڑوں، جوتوں، جیولری، چوڑیوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
جیسے جیسے عید قریب آ رہی ہے، شہری خریداری کے لیے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں، لیکن دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جس سے غریب اور متوسط طبقے کے لوگ شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ مہنگائی کے باعث بہت سے خریدار بازاروں میں چکر لگا کر خالی ہاتھ گھروں کو واپس جانے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے عید کی خوشیوں کو ماند کر دیا ہے، اور وہ ضروری اشیاء خریدنے سے بھی قاصر ہیں۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکسز میں کمی کی جائے اور قیمتوں کو اعتدال پر لایا جائے تاکہ ہر شہری عید کے مذہبی تہوار کو جوش و خروش کے ساتھ مناسکے۔



