ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ کا ڈسٹرکٹ کونسل آفس کا اچانک دورہ، مختلف برانچز کی کارکردگی کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے ڈسٹرکٹ کونسل آفس کا اچانک دورہ کیا اور مختلف برانچز کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے دفتری امور اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ملازمین کی حاضری، دفتری اوقات کی پابندی، صفائی ستھرائی، سرکاری ریکارڈ کی دستیابی اور دفتری امور کی انجام دہی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ملازمین کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور انتظامی ہدایات پر عمل درآمد کی صورتِ حال بھی چیک کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام افسران اور ملازمین دفتری اوقات کی سختی سے پابندی کریں اور اپنی تفویض کردہ ذمہ داریاں بروقت اور درست انداز میں انجام دیں۔ سرکاری امور کو غیر ضروری تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے، ریکارڈ کی درستگی برقرار رکھی جائے اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی کے دوران ذمہ داری اور مستعدی کا مظاہرہ کیا جائے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت عملے کی حاضری اور کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائیں تاکہ دفتری معاملات میں بہتری اور نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ نے واضح کیا کہ وقت کی پابندی، فرائض کی درست انجام دہی اور دفتری نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سرکاری ذمہ داریوں میں غفلت، غیر حاضری اور کوتاہی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ تمام افسران اور ملازمین اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔



