ضلع جہلم میں گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، 100 گرفتار، 38 دکانیں سیل

جہلم: ضلع جہلم میں گراں فروشی، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ ہزاروں مختلف مقامات کا معائنہ کر کے 100 گراں فروشوں کو گرفتار کر کے 38 دکانیں سیل کر گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ فروری 2026 کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق یکم فروری سے 22 فروری تک ضلع بھر میں مجموعی طور پر 17 ہزار 458 مختلف مقامات کا معائنہ کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران ضوابط کی سنگین خلاف ورزی پر 100 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 38 دکانوں اور کاروباری مراکز کو سیل کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد پر لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 2 مقدمات (ایف آئی آرز) بھی درج کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 ہزار 306 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 12 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 1 لاکھ 41 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے واضح اور سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم میں مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور زائد نرخ وصولی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز اور بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں موجود رہیں اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button