ایس پی انویسٹی گیشن جہلم اور ایس ڈی پی اوز کی نماز جمعہ کے بعد مساجد میں کھلی کچہری

جہلم: انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا کے ویژن پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ کی ہدایات پر ایس پی انویسٹی گیشن جہلم محمد حسیب راجہ اور ایس ڈی پی اوز کی نمازِ جمعہ کے بعد مساجد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن اورایس ڈی پی اوز نے شہریوں کو فرداً فرداً خود سنا اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے مناسب احکام جاری کئے، پولیس افسران کی مساجد میں کھلی کچہریوں کے دوران شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ایس پی انویسٹیگیشن جہلم محمد حسیب راجہ نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہترین بنانا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
پبلک آؤٹ ریچ کمپین میں ایس پی انویسٹی گیشن جہلم نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات پر فوری انصاف عوام کی دہلیز پر فراہم کیا جارہا ہے، اس سلسلہ پولیس میں خدمت مراکز کا قیام، پولیس تحفظ مراکز کا قیام، میثاق مراکز، مصالحتی کونسلز کا قیام اور تھانہ جات کی بطور سپیشل انیشیٹیو پولیس اسٹیشن اپ گریڈیشن شامل ہے جہاں پر 24/7 سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور آر پی او راولپنڈی ڈویژن کی ہدایت پر جہلم میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد تیز ترین انصاف شہریوں کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے، عوام الناس اپنے مسائل لیکر بلا جھجک کھلی کچہریوں میں پہنچیں جہاں انکے مسائل موقع پر حل کیے جائیں گے۔



