کمشنر انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم میں ستھرا پنجاب پروگرام کا افتتاح کر دیا

جہلم: کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم میں ستھرا پنجاب پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کو انتہائی کامیاب بنائیں گے اور اس پروگرام کا مقصد پنجاب کو صاف ستھرا بنانا ہے۔
ستھرا پنجاب پروگرام کا ضلع جہلم میں باقاعدہ آغاز کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کیا۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ممبران قومی اسمبلی بلال کیانی، فرخ الطاف، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس، ضلعی انتظامیہ کے افسران، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذمہ داران، سماجی و سیاسی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم کے شہر دینہ اور سوہاوہ میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، اور بہت جلد تحصیل پنڈدادنخان اور کھیوڑہ میں بھی اس پروگرام کا آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت ضلعی اور تحصیل سطح پر باقاعدہ کنٹرول روم بنائے جا رہے ہیں۔
کمشنر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت اربوں روپے اس پروگرام پر خرچ کر رہی ہے اور اس کی نگرانی اور کارکردگی کی بنیاد پر متعلقہ کمپنی کو ادائیگیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اس پروگرام کو کامیاب بنانا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او رانا ساجد نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب کو صاف ستھرا بنانے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت گھر گھر سے کچرا اٹھا کر ڈمپنگ سائٹس تک پہنچایا جائے گا اور اس کے لیے سینکڑوں سینٹری سٹاف ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔ شہریوں کو 1139 کا ٹول فری نمبر بھی فراہم کیا گیا ہے جس پر صفائی کے مسائل کی اطلاع دی جا سکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا کہ یہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس کے تحت صفائی کا نظام نہ صرف شہروں میں بلکہ دیہات میں بھی نافذ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی کے لیے انتہائی تجربہ کار کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا ہے اور بھاری مشینری کے ساتھ اس عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
رکن قومی اسمبلی بلال کیانی نے اس پروگرام کو پنجاب کی ترقی کا سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر میں ضلع جہلم میں اس صفائی نظام کا تجرباتی آغاز کیا گیا تھا، اور اب یہ پروگرام پورے ضلع میں نافذ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد نہ صرف صفائی بلکہ صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی انقلاب لانا ہے۔
رکن قومی اسمبلی فرخ الطاف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحول کو صاف رکھنا نہ صرف ہماری ذمہ داری ہے بلکہ یہ ایک مہذب قوم کی نشانی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے علاقے، محلے اور شہر کو صاف رکھنے کے لیے کردار ادا کریں تاکہ یہ پروگرام کامیاب ہو سکے۔
اس پروگرام کے تحت صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ اس سے نہ صرف جہلم بلکہ پورے پنجاب میں صفائی کے معاملات میں بہتری آئے گی۔



