دریائے جہلم پر کشتی سروس میں سنگین غفلت، کسی بڑے حادثے کا خدشہ

پنڈدادنخان: دریائے جہلم کے مقام چک نظام پر (بیڑا) کشتی سروس مالکان کی جانب سے ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
مقامی انتظامیہ کی مبینہ چشم پوشی کے باعث یہ سروس رات کی تاریکی میں بھی بلا روک ٹوک جاری رہتی ہے، جبکہ دن کے وقت بھی اوور لوڈنگ، لائف جیکٹس کی عدم دستیابی اور بنیادی سیفٹی انتظامات کے بغیر مسافروں کو دریا پار کرایا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سگھر پور کے مقام پر کشتی حادثے میں چار قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، لیکن اس کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے موثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔



