جہلم پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون منشیات فروش سمیت 4 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کر کے بھاری مقدار میں چرس، ہیروئن اور آئس برآمد کر لی، 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف تھانوں کی پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لیں۔
تھانہ دینہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر کے 2 کلو چرس برآمد کی جبکہ ایک اور کارروائی میں 1 کلو 100 گرام ہیروئن قبضہ میں لے لی گئی۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
دوسری جانب تھانہ سٹی پولیس نے بھی مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے ایک مرد اور ایک خاتون منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے 1 کلو 60 گرام آئس اور ملزمہ سے 1 کلو 80 گرام آئس برآمد ہوئی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں جن کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن پوری شدت سے جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔



