جہلم میں ٹریفک کا نظام درہم برہم، غیر قانونی رکشہ اور ویگن اڈے شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے

جہلم: ٹریفک وارڈنز کی غفلت، شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم، غیر قانونی رکشہ اور ویگن اڈے شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر میں ٹریفک وارڈنز کی عدم دلچسپی اور ناقص حکمت عملی کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ اندرون شہر کی متعدد سڑکیں ویگن اسٹینڈ اور رکشہ پارکنگ ایریاز میں تبدیل ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ غیر قانونی ویگن اور رکشہ اڈے قائم ہو چکے ہیں جنہوں نے شہری زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ بالخصوص چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ ٹریفک کی اس بدنظمی میں اضافہ اس وقت ہوا جب ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور میونسپل کمیٹی دفتر کے باہر بھی غیر قانونی ویگن اڈے انتظامیہ کی مبینہ سرپرستی میں قائم ہو گئے۔
مزید برآں میونسپل کمیٹی سے ملحقہ دکانوں کے مالکان نے اپنی دکانوں کے باہر سامان رکھ کر سڑک کو تنگ کر دیا ہے، جس سے شمالی محلہ، میدان پاکستان، اور المرکز کی جانب جانے والے شہریوں کے لیے راستہ مزید مشکل ہو گیا ہے۔
سول لائن روڈ پر دونوں اطراف پھلوں اور سبزیوں سے لدے لوڈر رکشے اور ریڑھیاں کھڑی کر کے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا کیا جا رہا ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کے لیے بھی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، موٹر وہیکل ایگزامینر، اسسٹنٹ کمشنر، آر ٹی اے سیکرٹری اور چیف آفیسر ایم سی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ویگن و رکشہ اسٹینڈز اور ریڑھیوں کا خاتمہ کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہو سکے اور شہری سکون کا سانس لے سکیں۔



