عید کی خوشیوں میں اسیران کو شامل کرنا اور ان کی فلاح اولین ترجیح ہے، سنیہ صافی

جہلم: عید الفطر کے پرمسرت موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی کا ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا دورہ، اسیران میں مٹھائی کی تقسیم اور جیل کے احاطے میں پودا لگایا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا ایک باضابطہ دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد عید کی خوشیوں میں جیل کے اسیران کو شریک کرنا اور ان کی فلاح و بہبود کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔

جیل آمد پر سپرنٹنڈنٹ جیل یاسر خان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں سیکیورٹی و انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ممتاز سماجی شخصیت فرحت کمال ضیاء بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس انسانی ہمدردی کے اقدام کو بھرپور سراہا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی نے سپرنٹنڈنٹ جیل یاسر خان اور فرحت کمال ضیاء کے ہمراہ قیدیوں میں مٹھائی تقسیم کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے اسیران سے ان کے مسائل دریافت کیے اور جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قیدیوں کی خوراک، صحت اور صفائی کے معیارات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

اس مبارک موقع کی مناسبت سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی نے جیل کے احاطے میں پودا لگایا۔ انہوں نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پودے لگانا صدقہ جاریہ ہے اور اس سے جیل کے ماحول میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کے وژن کے مطابق، ضلعی انتظامیہ ہر شہری بشمول اسیران کی بہتر زندگی اور اصلاح کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button