جہلم پولیس کی بروقت کارروائی، گمشدہ بچی کو لواحقین سے ملا دیا

جہلم: پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مین بازار میں خریداری کے دوران لواحقین سے بچھڑ جانے والی بچی کو تلاش کر کے بحفاظت اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔
بچی اپنے اہل خانہ کے ساتھ مین بازار میں شاپنگ کے لیے آئی ہوئی تھی کہ اسی دوران رش کے باعث وہ اپنے لواحقین سے بچھڑ کر گم ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر جہلم پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے بچی کی تلاش شروع کر دی۔
پولیس ٹیم نے مختصر وقت میں بچی کو تلاش کر لیا اور ضروری تصدیق کے بعد اسے بحفاظت اس کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔ بچی کے ملنے پر اہل خانہ نے سکھ کا سانس لیا اور بروقت مدد فراہم کرنے پر جہلم پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت بھی اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔



