کھیوڑہ روڈ پر موٹرسائیکل کی ٹکر سے 55 سالہ راہگیر موقع پر جاں بحق، موٹرسائیکل سوار شدید زخمی

24
پنڈدادنخان: کھیوڑہ روڈ پر موٹرسائیکل کی ٹکر سے 55 سالہ راہگیر موقع پر جاں بحق اور موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں کھیوڑہ روڈ پر البیرونی کالج کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار موٹرسائیکل نے سڑک پر چلتے ایک راہگیر کو ٹکر مار دی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ راہگیر موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 55 سالہ امتیاز ولد متین علی ساکن محلہ کوٹ کالا پنڈدادنخان کے نام سے ہوئی ہے۔ اسے سر میں شدید چوٹیں آئی تھیں اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا موٹرسائیکل سوار 22 سالہ بلال ولد اصغر ہے جسے سر میں گہری چوٹیں آئی ہیں۔
ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی موٹرسائیکل سوار کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ٹی ایچ کیو اسپتال پنڈدادنخان منتقل کر دیا۔



