شادی میں مہمانوں کی تعداد پر بھی پابندی عائد

جہلم: پنجاب حکومت کی ہدایات پر جہلم سمیت صوبہ بھر میں شادی ہالز، میرج گارڈنز، مارکیز اور ہوٹلوں میں شادی کی تقریبات کے حوالے سے نئے قواعد و ضوابط نافذ کر دیے گئے ہیں۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب کسی بھی شادی یا تقریب میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ تقریبات میں مہمانوں کی تعداد دو سو سے زیادہ نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق شادی کی تقریبات کو مقررہ وقت کے اندر ختم کرنا بھی لازمی ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد وسائل کے ضیاع کو روکنا اور غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ نئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شادی ہالز اور مارکیز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جس میں جرمانے اور ہالز کو سیل کرنا بھی شامل ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام اور ہال مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ سادگی اور نظم و ضبط کو فروغ دیا جا سکے۔



