جہلم کے گرلز کالج میں فیسیں غبن کرنیوالے کلرک سے لاکھوں روپے برآمد

جہلم: گرلز کالج میں فیس کی مد میں لاکھوں روپے کا فراڈ اور متعدد طالبات کا مستقبل خطرے میں ڈالنے والے کلرک سے رقم برآمد کر لی گئی، لاکھوں روپے کالج انتظامیہ کو جمع کروا دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار گرلز جہلم میں فیسیں غبن کرنیوالے کلرک فاروق اقبال سے 50ہزار برآمد کر لئے گئے۔ ملزم نے 13لاکھ روپے میں سے 11لاکھ 90ہزار روپے کالج انتظامیہ کو جبکہ ایک لاکھ 33ہزار روپے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن و جمع کروا دی ہے۔
سرکل آفیسراینٹی کرپشن جہلم سرکل عمران اسلم نے ملزم کا ایک روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا۔
یاد رہے کہ گورنمنٹ ایسوی ایٹ کالج برائے خواتین جہلم کے کلرک (لیب سپروائزر) فاروق اقبال نے طالبات سے فیسیں لے کر غبن کردی تھیں۔ کلرک نے 50سے زائد فرسٹ ائیر اور سیکنڈ ائیر کی طالبات سے داخلہ فیس لے کر جمع نہیں کروائی جس کی وجہ سے راولپنڈی بورڈ نے طالبات کی رول نمبر سلپ جاری نہیں کی تھیں۔
راولپنڈی بورڈ کی طرف سے رول نمبر سلپ نہ آنے پر کالج انتظامیہ حرکت میں آئی اور پانچ لاکھ روپے اضافی جرمانہ ادا کرکے رول نمبر جاری کروائی گئیں تھیں جبکہ متعدد طالبات کو تاحال رول نمبر سلپ جاری نہ ہو سکیں تھیں۔



