جہلم میں جعلی کرنسی کا دھندہ کرنے والے افراد متحرک، شہری ذہنی اذیت کا شکار

جہلم: جعلی کرنسی کا دھندہ کرنے والے افراد متحرک، شہری ذہنی اذیت کا شکار ہیں، شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے ذمہ داران سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اورگردونواح میں جعلی کرنسی کا گھناؤنا دھندہ کرنے والے افراد سرگرم ہو گئے ہیں۔ کم تعلیم یافتہ اور سادہ لوح افراد اصلی اور نقلی نوٹوں میں فرق محسوس نہیں کرسکتے۔
جعلی کرنسی کا دھندہ کرنے والے جعلساز وں نے 1000 اور 500 روپے کے جعلی نوٹوں کے ذریعے نوسر بازیاں شروع کر رکھی ہیں، نوسر باز شہریوں اور دکانداروں کو جعلی کرنسی نوٹ دیکر لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
جعلی گردش کرنے والے کرنسی نوٹوں میں اصل اور نقل کی تمیز کرنا کسی صورت بھی ممکن نہیں، جن دکانداروں نے کارروباری مراکز میں نوٹ چیک کرنے والی مشینیں رکھی ہوئی ہیں ، صرف وہ ہی فراڈ گروپوں کے ہاتھوں محفوظ ہیں، ضلع بھر میں مبینہ طور پر جعلی کرنسی کا دھندہ نئے انداز سے شروع ہو چکا ہے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



