جہلم میں شادی کا جھانسہ دے کر طلاق یافتہ خاتون سے مبینہ زیادتی، ملزم گرفتار

جہلم میں شادی کا جھانسہ دے کر طلاق یافتہ خاتون سے مبینہ زیادتی کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں شادی کا جھانسہ دے کر طلاق یافتہ خاتون سے مبینہ زیادتی کے سنگین واقعے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق تھانہ سٹی میں متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس اور ایف آئی آر میں درج موقف کے مطابق شمالی محلہ کی رہائشی متاثرہ خاتون اور ملزم شکیل احمد کے درمیان تین سال قبل فیس بک کے ذریعے رابطہ اور دوستی قائم ہوئی۔ ملزم نے مبینہ طور پر شادی کا وعدہ کر کے خاتون کا اعتماد حاصل کیا اور اسی دوران مختلف مواقع پر اسے زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔

ایف آئی آر کے مطابق جب بھی متاثرہ خاتون شادی کی بات کرتی تو ملزم شکیل ٹال مٹول سے کام لیتا رہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کا میڈیکل معائنہ کرایا گیا، جس کی ابتدائی رپورٹ میں مبینہ زیادتی کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شکیل نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف بھی کیا ہے، تاہم قانونی تقاضوں کے تحت تفتیش کا عمل جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور ایسے مقدمات میں میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ متاثرہ خاتون کی شناخت اور نجی تفصیلات کو قانون کے مطابق صیغۂ راز میں رکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button