رمضان المبارک؛ جہلم میں تیسری سحری کے موقع پر خصوصی اہتمام، ہوٹلوں پر شہریوں کا رش رہا

جہلم: رمضان المبارک کی روحانی فضا میں ضلع جہلم بھر میں تیسری سحری کے موقع پر خصوصی اہتمام کیا گیا۔

جہلم، دینہ، سوہاوہ سمیت جی ٹی روڈ پر واقع ہوٹلوں اور ریستورانوں میں عوام کا رش رہا، جہاں شہریوں نے مختلف لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہو کر سحری کا اہتمام کیا۔ شہریوں نے چنے، بونگ پائے، پراٹھے، انڈے اور دیگر روایتی پکوانوں کے ساتھ سحری کی برکات سمیٹیں۔

جہاں ایک طرف سحری کے دسترخوانوں پر رونقیں تھیں، وہیں دوسری طرف جہلم شہر اور ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کی قلت کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کم پریشر اور گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے کئی افراد نے ہوٹلوں کا رخ کیا تاکہ سحری کا بروقت انتظام کیا جا سکے۔

سحری کے بعد نماز فجر میں مساجد نمازیوں سے بھر گئیں۔ ذکر و اذکار، تلاوتِ قرآنِ پاک اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جہاں فرزندانِ اسلام نے اللہ رب العزت کے حضور مغفرت، رحمت اور برکت کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

علاوہ ازیں تیسری نمازِ تراویح کے روح پرور اجتماعات بھی ضلع جہلم کے مختلف شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں منعقد ہوئے۔ اہلِ ایمان نے انتہائی عقیدت اور خشوع و خضوع کے ساتھ تراویح ادا کی۔

رمضان المبارک کی ان بابرکت گھڑیوں میں مساجد میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جا رہا ہے جبکہ علماء کرام بھی رمضان کی فضیلت اور اس کے روحانی اثرات پر روشنی ڈال رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button