جہلم میں اسمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ لگانے کا فیصلہ، معاہدہ طے پا گیا

جہلم سمیت پنجاب کے 18 شہروں میں این آر ٹی سی کی معاونت سے اسمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی موجودگی میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور این آر ٹی سی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ اسمارٹ سیف سٹی اتھارٹی پراجیکٹ کے لیے معاہدے پر دستخط بھی کر دیے گئے۔
اسمارٹ سیف سٹی اتھارٹی کی طرف سے ایم ڈی احسن یونس اور این آر ٹی سی کے نمائندے سید عامر جاوید نے معاہدے پر دستخط کیے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جہلم سمیت 18 شہروں میں ایئر کوالٹی انڈیکس مانیٹرنگ انوائرمنٹ سینسر بھی لگائے جائیں گے۔
جہلم، گجرات، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور ٹیکسلا میں سیف سٹی پراجیکٹ مئی کے آخر میں فنکشنل ہوں گے جبکہ ملتان، بہاولپور، سرگودھا، رحیم یار خان، مظفرگڑھ ، ساہیوال، جھنگ، اٹک، حسن ابدال، ڈی جی خان، سیالکوٹ، مری، اوکاڑہ اور میانوالی میں سیف سٹی اسی سال مکمل ہوں گے۔
معاہدے کے وقت سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس، سیکریٹری فنانس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔


