جہلم پولیس کی اہم کارروائیاں، منشیات فروش اور شراب سپلائر گرفتار

جہلم پولیس نے منشیات اور شراب فروشوں کے خلاف اہم کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں ہیروئن اور شراب برآمد کی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر تھانہ سٹی کے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 1 کلو 60 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
اسی طرح ایک اور کارروائی میں تھانہ سٹی پولیس نے دو شراب سپلائر ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 25 لیٹر شراب برآمد کی۔ دونوں ملزمان کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ "منشیات فروش اور شراب سپلائر معاشرے کا ناسور ہیں، جن کے خلاف ضلع بھر میں بلا تفریق بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ شہریوں کے تحفظ اور نوجوان نسل کو نشہ جیسی لعنت سے بچانے کے لیے جہلم پولیس پوری طرح متحرک ہے۔”
ڈی پی او نے مزید کہا کہ عوام الناس کی جانب سے کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دی جائے تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔



