سوہاوہ پولیس کی پتنگ بازی کے خلاف اہم کارروائی،2 ملزمان گرفتار، پتنگیں اور خونی ڈوریں برآمد

سوہاوہ پولیس نے پتنگ بازی کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے پتنگیں اور خونی ڈوریں برآمد کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق پتنگ بازی کی روک تھام کے سلسلے میں جہلم پولیس کی جانب سے جاری مہم کے دوران تھانہ سوہاوہ پولیس نے مختلف علاقوں میں چھتوں پر سرچنگ کرتے ہوئے پتنگیں اور خونی ڈوریں قبضہ میں رکھنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں پتنگیں برآمد کی گئیں۔
ملزمان غیر قانونی طور پر پتنگیں اور خونی ڈوریں اپنے قبضے میں رکھے ہوئے تھے جو کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عائد پابندی کی صریح خلاف ورزی ہے۔ تھانہ سوہاوہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق نئے قانون کے تحت غیر قانونی طور پر پتنگیں تیار کرنے، ذخیرہ کرنے، سپلائی کرنے یا قبضہ میں رکھنے پر بھاری جرمانہ اور پانچ سال تک قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ پتنگ بازی ایک خطرناک اور خونی کھیل ہے، جس کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم نے مزید واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



