دینہ میں بجلی کی ننگی تار سے کرنٹ لگنے سے 4 سالہ کمسن بچی جاں بحق

دینہ کے نواحی علاقہ میں بجلی کی ننگی تار سے کرنٹ لگنے سے کمسن بچی جاں بحق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقہ نیو جھنگ میں پیر پچھر روڈ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ننگی بجلی کی تار کے باعث کرنٹ لگنے سے 4 سالہ کمسن بچی لائبہ دختر نور خان موقع پر جاں بحق ہو گئی۔
گزشتہ شام 4 سالہ لائبہ اپنے گھر کے صحن میں کھیل رہی تھی کہ دو روز قبل آنے والی آندھی کے باعث درخت کے ساتھ باندھی گئی بجلی کی تار ننگی ہو گئی اور قریب موجود لوہے کے اینگل آئرن سے ٹچ ہو گئی۔ جیسے ہی معصوم بچی نے اینگل آئرن کو ہاتھ لگایا تو اسے شدید کرنٹ لگا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
اہل خانہ بچی کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) منتقل کر کے لے گئے، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی۔
واقعہ کے بعد علاقے میں شدید غم و افسوس کی فضا قائم ہے، جبکہ اہل علاقہ نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ننگی اور خطرناک بجلی کی تاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے دلخراش حادثات سے بچا جا سکے۔



