عیدالاضحیٰ کے موقع پر موسمی قصابوں نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا

جہلم: عیدالاضحیٰ پر جہلم شہر اور گردونواح میں موسمی اور غیر تربیت یافتہ قصابوں نے قربانی کے دوران من مانے دام وصول کرنے کے ساتھ ساتھ جانوروں کے گوشت کو بھی غیر معیاری انداز میں کاٹا، جس سے قربانی کا تقدس اور شہریوں کی محنت رائیگاں گئی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دوسرے اضلاع سے آئے اناڑی قصاب نہ صرف تجربہ کار نہیں تھے بلکہ انہوں نے قربانی کے عمل کو بھی متاثر کیا۔ بہت سے مقامات پر گوشت کاٹتے وقت ہڈیاں چورا ہو گئیں اور گوشت کے کئی حصے ضائع ہو گئے۔ ان قصابوں نے بکرے کی قربانی کے 6 ہزار روپے جبکہ بیل کی قربانی کے 16 ہزار روپے تک چارج کیے، مگر معیار نہایت ناقص رہا۔
قربانی کرنے والے افراد نے شکوہ کیا کہ موسمی قصابوں کی وجہ سے انہیں نہ صرف مالی نقصان برداشت کرنا پڑا بلکہ عید کا جوش و خروش بھی متاثر ہوا۔ بعض جگہوں پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث تعفن اور بدبو کے مسائل بھی دیکھنے میں آئے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ سال پیشگی پلاننگ کے تحت رجسٹرڈ اور تربیت یافتہ قصابوں کی فہرست جاری کی جائے اور موسمی اناڑی افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ قربانی کی روح کو برقرار رکھا جا سکے۔



