آنے والا وقت مصنوعی ذہانت ہے، جدید تعلیم پر توجہ دینا ہوگی، عامر کیانی

جہلم: عامر کیانی نے کہا ہے کہ آنے والا وقت مصنوعی ذہانت کا ہے، اگر پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنا ہے تو جدید تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
صدر الیکٹرانک میڈیا جہلم عامر کیانی نے ایک بیان میں کہا کہ نوجوان ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہیں جدید علوم خصوصاً ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل اسکلز اور مصنوعی ذہانت کی تعلیم دے کر ہی عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تعلیم، صنعت، طب، زراعت اور معیشت کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت انقلاب برپا کر رہی ہے، اور پاکستان کو بھی اس دوڑ میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔
عامر کیانی نے حکومتِ وقت اور تعلیمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ نصاب میں جدید ٹیکنالوجی کے مضامین شامل کیے جائیں، ریسرچ اور تربیتی پروگرامز کو فروغ دیا جائے تاکہ نئی نسل ایک روشن، جدید اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت بن سکے۔



