جنگلات کے عالمی دن پر بھٹوں کے اطراف شجرکاری مہم

جہلم: جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر ادارہ تحفظ ماحول کی جانب سے بھٹوں کے اطراف شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔

مہم کا آغاز سیکریٹری تحفظ ماحول راجہ جہانگیر انور اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کیا۔ اس موقع پر انوائرمنٹل پروٹیکشن فورس اور سی ایم انٹرن شپ پروگرام کے نوجوانوں نے بھی بھرپور شرکت کی اور شجرکاری کے عمل میں حصہ لیا۔

محکمہ تحفظ ماحول نے اس سیزن میں سات سے آٹھ لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ حکومت پنجاب پلانٹ فار پاکستان پروگرام کے تحت ڈیڑھ کروڑ سے زائد پودے لگائے گی۔ اس مہم کا بنیادی مقصد بھٹوں کے اطراف کاربن ہاٹ اسپاٹس پر شجرکاری کے ذریعے فضائی آلودگی کو کم کرنا ہے۔ درخت نہ صرف سایہ فراہم کرتے ہیں بلکہ فضا میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کر کے آکسیجن فراہم کرتے ہیں، جو انسانی زندگی کے لیے ضروری ہے۔

ادارہ تحفظ ماحول نے تاریخ میں پہلی بار شجرکاری مہم میں منفرد انداز اپنایا ہے، جس کے تحت پنجاب بھر میں گیارہ ہزار سے زائد بھٹوں کے اطراف شجرکاری کی جائے گی۔ ہر بھٹے کے اردگرد پچاس سے سو تک مقامی اقسام کے پودے لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، تاکہ فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکے اور ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔

ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اس موقع پر کہا کہ بھٹوں کو آلودگی سے پاک کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں اور شجرکاری مہم میں انڈسٹریز کو بھی شامل کیا جا رہا ہے تاکہ کاربن کو موقع پر جذب کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم ہر سال منعقد کی جائے گی تاکہ ماحول کو طویل المدتی بنیادوں پر بہتر بنایا جا سکے۔

لاہور میں فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے لاہور گرین رنگ اور لنگز آف لاہور جیسے منصوبے جاری ہیں، جن کے تحت شہر بھر میں درخت لگائے جا رہے ہیں۔ یہ منصوبے شہری ماحول کو بہتر بنانے اور آلودگی کو کم کرنے کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔

سی ایم انٹرن شپ پروگرام کے تحت دو ہزار نوجوان صوبہ بھر میں ماحولیاتی بہتری کے لیے متحرک ہیں۔ یہ نوجوان مختلف علاقوں میں شجرکاری، آگاہی مہمات اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ محکمہ تحفظ ماحول، حکومت پنجاب کی شجرکاری مہم میں مثالی کردار ادا کر رہا ہے اور آنے والے برسوں میں بھی اس مشن کو جاری رکھنے کا عزم رکھتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ درخت نہ صرف فضائی آلودگی کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں بلکہ انسانی زندگی کی لائف لائن بھی ہیں۔ درختوں کی موجودگی سے ماحول میں توازن قائم ہوتا ہے اور مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button