سوہاوہ میں ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن ٹاور سے خطرناک چھیڑ چھاڑ، 11 کراس آرمز چوری

سوہاوہ میں ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن ٹاور سے خطرناک چھیڑ چھاڑ کر کے 11 کراس آرمز چوری کر لئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے گاؤں ٹنڈوئی ،دیوان حضوری چوک کے قریب نصب ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن ٹاور سے خطرناک حد تک چھیڑ چھاڑ کا انکشاف ہوا ہے۔ نامعلوم افراد نے ٹاور کے کھمبے کو جوڑنے والے لوہے کے کراس آرمز (آہنی جوڑ) اتارنے کی کوشش کی، جن کی لمبائی تقریباً چھ سے سات فٹ جبکہ چوڑائی تقریباً ڈیڑھ انچ بتائی جا رہی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 16 کراس آرمز کو نشانہ بنایا گیا، جن میں سے 11 آہنی جوڑ مکمل طور پر اتار کر چوری کر لیے گئے جبکہ 5 کراس آرمز تاحال ٹاور کے ساتھ نہایت خطرناک حالت میں لٹک رہے ہیں، جو کسی بھی وقت ٹوٹ کر گر سکتے ہیں اور بڑے جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن ٹاور سے اس نوعیت کی چھیڑ چھاڑ نہ صرف قریبی آبادی بلکہ دیوان حضوری چوک سے گزرنے والے راہگیروں، گاڑیوں اور مویشیوں کے لیے بھی شدید خطرات پیدا کر رہی ہے۔ اہلِ علاقہ خوف و ہراس کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں کی جانب سے اس نہایت سنگین اور غفلت پر مبنی صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے واپڈا حکام، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے نہ صرف ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں بلکہ ہائی وولٹیج ٹاور کی فوری مرمت اور مستقل سکیورٹی کو بھی یقینی بنائیں۔

اہلِ علاقہ نے واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہو گی، کیونکہ عوامی جان و مال کا تحفظ مزید تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button