بھارتی جارحیت کے بعد ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ، شہریوں کے تحفظ کیلئے موک ایکسرسائز

جہلم: بھارتی جارحیت کے تناظر میں ضلع جہلم میں ممکنہ خطرات سے نمٹنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی۔
ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی قیادت میں بدھ اور جمعرات کے روز ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، اور مختلف سرکاری اسکولوں کے ہنگامی دورے کیے گئے، جہاں ممکنہ جنگی حالات میں فوری ردعمل کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 کے ضلعی کنٹرول روم، فائر اسٹیشن اور ایمرجنسی میڈیکل یونٹس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر رانا سعید احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام ایمرجنسی سروسز ہائی الرٹ پر ہیں اور ایمبولینسز، فائر وہیکلز، موٹر بائیکس مکمل تیار حالت میں موجود ہیں۔
شہری دفاع کی تقریب: تربیت و مظاہرہ
گورنمنٹ الطاف حسین ہائی اسکول میں محکمہ شہری دفاع کے زیر اہتمام خصوصی تربیتی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم نے شرکت کی۔ تقریب میں سول ڈیفنس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ریسکیو 1122، ایلیٹ فورس، اسکول انتظامیہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دوران تقریب، بم ڈسپوزل، فائرفائٹنگ، ابتدائی طبی امداد اور ایمرجنسی انخلاء سے متعلق عملی تربیت دی گئی۔ طلباء نے مختلف اداروں کی رہنمائی میں عملی مظاہرے پیش کیے جن میں بم ڈسپوزل، ریسکیو، فرسٹ ایڈ اور ہنگامی انخلاء شامل تھا۔
موک ایکسرسائز: ایمرجنسی ردعمل کی مشق
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم نے ریسکیو 1122 ہیڈکوارٹر میں موک ایکسرسائز کا مشاہدہ بھی کیا جس میں دہشتگردی یا کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردعمل کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔ اس مشق کا مقصد ضلعی سطح پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا دورہ
ضلعی حکام نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا بھی دورہ کیا جہاں ایم ایس سے مشاورت کی گئی اور پولیس خدمت کاؤنٹر کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر عملے کو ہنگامی حالات میں خدمات کی فراہمی سے متعلق ہدایات دی گئیں۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ پولیس فورس ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔



