پنڈدادنخان میں اوورلوڈ ہیوی گاڑیوں کی نہر کے راستے آمدورفت، زیر تعمیر للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے کو نقصان کا خدشہ

پنڈ دادنخان میں نجی فیکٹریوں کی اوورلوڈ ہیوی گاڑیوں کی جانب سے مبینہ طور پر البیرونی کالج کے قریب محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) کے وزن کرنے والے کانٹے سے بچنے کے لیے نہر کے راستے آمدورفت جاری رکھنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس صورت حال کے باعث زیر تعمیر للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے کو نقصان پہنچنے اور قریبی آبادی میں ٹریفک حادثات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کے مطابق نجی فیکٹریوں کی بھاری اور اوورلوڈ گاڑیاں مبینہ طور پر وزن کے کانٹے پر چیکنگ سے بچنے کے لیے نہر کے راستے آمدورفت کرتی ہیں۔ اس عمل سے نہ صرف زیرِ تعمیر اہم شاہراہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے بلکہ بھاری گاڑیوں کی غیر محتاط آمدورفت کے باعث قریبی آبادی کے مکینوں اور دیگر مسافروں کی سلامتی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیر تعمیر للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے عوامی سہولت اور آمدورفت میں بہتری کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے۔ اگر اوورلوڈ گاڑیوں کی آمدورفت کو مؤثر انداز میں کنٹرول نہ کیا گیا تو سڑک کو نقصان پہنچنے کے ساتھ سرکاری خزانے پر بھی اضافی بوجھ پڑ سکتا ہے۔

علاقہ مکینوں نے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس سمیت متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، وزن کے کانٹے پر گاڑیوں کی باقاعدہ چیکنگ یقینی بنائی جائے اور اوورلوڈ گاڑیوں کی مبینہ طور پر متبادل راستوں سے آمدورفت روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

شہریوں نے زور دیا ہے کہ ممکنہ ٹریفک حادثات کی روک تھام، عوامی جان و مال کے تحفظ اور زیرِ تعمیر سڑک کو نقصان سے بچانے کے لیے فوری کارروائی کی جائے، جبکہ معاملے کی شفاف جانچ کرکے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button