الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد، سینکڑوں مریض مستفید

الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام مظفر آباد اور راولپنڈی میں دو الگ الگ فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹرز نے مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور ادویات فراہم کیں۔
پہلا فری میڈیکل کیمپ اتوار کے روز دفتر زکوٰۃ کونسل نزد قانون ساز اسمبلی، لوئر چھتر مظفرآباد آزاد جموں و کشمیر میں صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہا۔ کیمپ میں چائلڈ اسپیشلسٹ اور اسکن اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی ٹیم نے مریضوں کا معائنہ کیا جبکہ ضرورت مندوں اور سفید پوش طبقے کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر صاحبِ مجاز لطیف بٹ اویسی نے کیمپ کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کیمپ کا افتتاح ایڈیشنل سیکرٹری علی اکبر اعوان، سابق ایڈیشنل سیکرٹری ارشد حسین اعوان، سابق تحصیلدار وقار احمد اعوان اور سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت محمد انور عباسی نے کیا۔
دوسرا فری میڈیکل کیمپ بوائز اسکول چنام کلر سیداں راولپنڈی میں صبح 10:30 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک منعقد کیا گیا۔ اس کیمپ میں آئی اسپیشلسٹ، گائنا کالوجسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹ اور فزیو تھراپسٹ پر مشتمل ٹیم نے مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور ادویات فراہم کیں۔
تقریب میں نائب امیر راولپنڈی عامر، جنید، امان اللہ، عبدالقیوم، تنظیم الاخوان اور سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کلر سیداں کے ذمہ داران سمیت علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان، سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ذیلی تنظیم ہے جو شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان کی نگرانی میں ملک بھر میں فلاحی، طبی اور سماجی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
تنظیم کے مطابق الفلاح فاؤنڈیشن کی بنیاد حضرت امیر محمد اکرم اعوان ؒ نے رکھی تھی جبکہ ادارہ بلا سیاسی و مذہبی تفریق اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔
مریضوں اور شرکاء نے الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسہ امیر عبدالقدیر اعوان کیلئے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں آئندہ بھی اسی نوعیت کے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔



