جہلم میں ٹرک نے موٹرسائیکل سوار باپ اور دو بیٹوں کو کچل دیا، باپ جاں بحق، بیٹے شدید زخمی

جہلم میں جی ٹی روڈ پر کتا سامنے آنے پر موٹرسائیکل سلپ ہونے سے باپ اور دو بیٹوں کو ٹرک نے کچل دیا، 57 سالہ شخص جاں بحق اور اس کےدو بیٹے شدید زخمی ہو گئے، ایک نوجوان کی حالت تشویشناک ہے، ریسکیو 1122 نے ڈیڈ باڈی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں سوہاوہ کا رہائشی 57 سالہ محمد آزاد ولد محمد صفدر اپنے 2 بیٹوں حسن اور آزاد کے ہمراہ کام کی غرض سے جا رہے تھے کہ جی ٹی روڈ جہلم پر کشمیر پلازہ کے قریب کتا موٹرسائیکل کے سامنے آ گیا، اچانک بریک لگانے سے سڑک پر پھسلن کے باعث موٹرسائیکل سلپ ہو گیا اور پیچھے سے آنے والے ٹرک نے تینوں کو کچل دیا۔
حادثہ میں 57 سالہ محمد آزاد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے دو بیٹے 27 سالہ حسن اور 22 سالہ حمزہ شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد زخمیوں اور ڈیڈ باڈی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا، زخمیوں میں سے ایک نوجوان کی حالت تشویشناک ہے جسے فوری طور پر راولپنڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہو گیا جبکہ ٹرک کو پولیس نے تحویل میں لے لیا۔



