پنجاب کے سرکاری اسکولز کے اساتذہ کےلیے ڈریس کوڈ نافذ

جہلم: محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے جہلم سمیت پنجاب بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے لیے اسٹینڈرڈ ڈریس کوڈ نافذ کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تدریسی اوقات کے دوران اساتذہ کے لیے بلیک گاؤن پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ مجموعی لباس کے حوالے سے باوقار اور پیشہ ورانہ انداز اپنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مرد اساتذہ سادہ شلوار قمیض یا پینٹ شرٹ پہن سکتے ہیں، جبکہ خواتین اساتذہ کو باوقار، مناسب اور تدریسی ماحول کے مطابق لباس اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اساتذہ کے لیے بند جوتے یا مناسب سینڈل پہننا بھی لازم ہوگا تاکہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق پیر 23 فروری سے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میں ڈریس کوڈ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس ضمن میں اسکولوں کے سربراہان کو روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے، جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسران کو سخت مانیٹرنگ اور احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں میں پیشہ ورانہ وقار، یکسانیت اور مثبت تعلیمی ماحول کو فروغ دینا ہے، تاکہ اساتذہ اور طلبہ دونوں کے لیے بہتر تدریسی فضا فراہم کی جا سکے۔



