جہلم میں بارشوں اور سیلاب کے بعد ضلعی انتظامیہ کا گرینڈ ریسکیو آپریشن، 428 افراد محفوظ مقام پر منتقل

جہلم میں شدید طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے گرینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا، جس کے دوران 428 شہریوں کو بحفاظت ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ضلع جہلم میں ریسکیو آپریشن ڈپٹی کمشنر میثم عباس کی نگرانی میں دن بھر جاری رہا۔ متاثرہ علاقوں میں پاک فوج، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پنجاب ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر اداروں نے بھرپور حصہ لیا۔

ضلع بھر میں مختلف علاقوں سے متاثرہ شہریوں کو نکالنے کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ انتظامیہ کے مطابق پاک فوج کی کمپنی نے 94 افراد کو سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ ہیلی کاپٹر آپریشن کے ذریعے 160 شہریوں کو ریسکیو کیا گیا جبکہ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے 174 افراد کو بچا کر ایمرجنسی فلڈ کیمپس تک پہنچایا۔
آپریشن کی کمان خود ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے سنبھالی اور وہ تمام دن متاثرہ علاقوں میں موجود رہے۔ ضلعی افسران، فوجی دستوں اور دیگر امدادی اداروں نے ٹیم ورک کی مثال قائم کرتے ہوئے فوری ردِعمل دیا اور قیمتی جانوں کو بچایا۔
انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اب صورتحال قابو میں ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر امدادی ٹیمیں اب بھی الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
متاثرہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں سے تعاون کریں، اور خطرے کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔



