ڈپٹی کمشنر جہلم اور چوہدری فرخ الطاف کا جلال پور کندوال نہر کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ممبر قومی اسمبلی فرخ الطاف کے ہمراہ جلال پور کندوال نہر کے تعمیراتی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر مصروف عمل تعمیراتی کمپنی نے ڈپٹی کمشنر اور ممبر قومی اسمبلی کو نہر کی تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے نہر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جاری کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موگھوں (پانی کی تقسیم کے مقامات) کی تعمیر کے حوالے سے کمپنی سے تفصیلات حاصل کیں اور ہدایت دی کہ تمام کام کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ تعمیراتی کمپنی کے نمائندوں نے بریفنگ میں بتایا کہ نہر پر تیزی سے کام جاری ہے اور جو حصے مکمل ہو چکے ہیں، ان میں پانی چھوڑ کر ان کا تجرباتی جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جہلم نے جلال پور نہر کے کیمپ میں اہلِ علاقہ سے ملاقات کی، جہاں کسانوں اور مقامی آبادی نے نہر کے حوالے سے اپنی شکایات اور تجاویز پیش کیں۔ ان شکایات میں ایکوائر کی گئی زمینوں کے معاوضے، موگھوں کی تعداد اور نہری پانی کی منصفانہ تقسیم جیسے مسائل شامل تھے۔

ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اہلِ علاقہ کو یقین دہانی کروائی کہ نہر کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد لاکھوں ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اور تمام کسانوں کو بلا تفریق پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور اس اہم منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی فرخ الطاف نے بھی مقامی افراد سے گفتگو کی اور کہا کہ جلال پور کندوال نہر کا منصوبہ علاقے کی زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ کرے گا، جس سے مقامی کسانوں کی خوشحالی میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button