دینہ میں شہید کانسٹیبل محمد رشید کی اکیسویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

دینہ: تھانہ سوہاوہ کے شہید کانسٹیبل محمد رشید کی اکیسویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ برسی کے موقع پر پولیس افسران نے شہید کی لحد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
ایس ایچ او دینہ سمیت متعدد پولیس افسران نے شہید کی قبر پر حاضری دی اور ان کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر شہید کانسٹیبل محمد رشید کی جرات اور قربانی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
یاد رہے کہ کانسٹیبل محمد رشید دورانِ ڈیوٹی تھانہ سوہاوہ کے علاقے میں ایک پولیس مقابلے کے دوران شہید ہو گئے تھے۔ وہ ایک خطرناک ملزم محمد ارشاد کو گرفتار کرنے کی کارروائی میں شریک تھے کہ جان کا نذرانہ دے کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء پولیس ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "شہداء نے اپنے خون سے اس وطن کی آبیاری کی ہے، ان کی لازوال قربانیاں جہلم پولیس اور عوام پر قرض ہیں۔ شہداء نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر کے یہ ثابت کیا کہ وہ ملک و ملت کی خاطر ہر قربانی کے لیے تیار تھے۔”
ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ "شہداء کی فیملیز ہماری ذمہ داری ہیں اور ہم انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ شہداء محکمہ پولیس کا حصہ تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔”



