جہلم میں بھکاریوں کی بڑھتی سرگرمیاں، جیب تراشی اور چوریوں میں اضافہ، شہری سراپا احتجاج

جہلم شہر میں سرکاری اداروں کی عدم توجہی کے باعث بھکاریوں نے شہر کو یرغمال بنا لیا ہے جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اندرون شہر اور مختلف بازاروں میں بھیک مانگنے کے روپ میں سرگرم بھکاری مرد و خواتین جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث پائے جا رہے ہیں۔ نوسربازی، جیب تراشی، چوری اور دیگر وارداتوں میں ان گروہوں کی مداخلت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جا رہی۔

شہر کے مختلف پبلک مقامات، تفریحی پارکوں، گلیوں، محلوں، بازاروں حتیٰ کہ مساجد اور عبادت گاہوں کے باہر بھی بھکاریوں نے ڈیرے جما رکھے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ان بھکاریوں کی آڑ میں جرائم پیشہ عناصر نہ صرف گھروں کے باہر لگے ہوئے گٹروں کے ڈھکن، ڈرینج کور، مسجدوں کی ٹونٹیاں، پنکھے، جوتے، خواتین کے بیگ اور پرس، موبائل فون، دکانداروں کا سامان، کپڑے اور دیگر اشیاء چوری کر رہے ہیں بلکہ گلی محلوں سے الیکٹرک موٹریں، آہنی جنگلے اور قیمتی گھریلو سامان بھی اڑایا جا رہا ہے۔

شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ریلویے روڈ، تحصیل روڈ، مین بازار، سول اسپتال، ضلع کچہری اور دیگر پبلک مقامات پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بلاتفریق سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن ہو اور شہر کے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button