ضلع جہلم میں بھی یومِ تشکر انتہائی جوش و جذبے اور شایانِ شان انداز میں منایا گیا

جہلم: ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی یومِ تشکر انتہائی جوش و جذبے اور شایانِ شان انداز میں منایا گیا۔
اس موقع پر دفتر ڈپٹی کمشنر جہلم میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی پرچم کشائی، پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے سلامی، قومی ترانہ اور شاندار پریڈ پیش کی گئی۔
تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی میاں جبار، سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم، اے ڈی سی آر ثانیہ صفی، اے ڈی سی جی صبا سحر، اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمن سمیت دیگر ضلعی افسران، اساتذہ، طلبہ، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے قومی پرچم کو سلامی دی اور شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ پرچم کشائی کی رسم ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے ادا کی، اس دوران قومی ترانہ پڑھا گیا اور آپریشن بنیان المرصوص / معرکۂ حق کے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ یومِ تشکر افواجِ پاکستان کے بے مثال حوصلے، عوامی اتحاد، اور دشمن کے خلاف قومی وحدت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ہم سب ان کے مرہون منت ہیں اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
یومِ تشکر کے موقع پر ایک خصوصی ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا جو ڈی سی آفس سے پریس کلب تک نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر میثم عباس، اے ڈی سی جی صبا سحر، اے ڈی سی آر ثانیہ صفی اور اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمن نے کی۔ اس ریلی میں ضلعی افسران، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وطن سے محبت کا جذبہ دیدنی تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کے ازلی دشمن نے وطن عزیز کو نقصان پہنچانے کی بزدلانہ کوشش کی، لیکن پاک فوج اور پاک فضائیہ نے اس سازش کو ناکام بنا کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یومِ تشکر اس کامیابی پر پوری قوم کے اتحاد اور جذبۂ حب الوطنی کا مظہر ہے۔
ریلی کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔



