ضلع جہلم میں آج عید میلادالنبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے

ضلع جہلم سمیت ملک بھر میں آج عید میلادالنبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔
حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اس دن کی مناسبت سے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جا رہا ہے جبکہ جہلم سمیت ملک بھر میں جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
آمد مصطفیﷺ کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔
عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔
آمد مصطفیٰﷺ کی مناسبت سے ضلع جہلم سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جس کے شرکاء سارے راستے درود پاک کا ورد کر رہے ہیں۔ جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے، بلکہ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی انسان دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب پولیس کی طرف سے جشن عید میلاد النبی ﷺکی مناسبت سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



