جہلم پولیس کا سپیشل سرچ آپریشن، 467 افراد کی چیکنگ، 4 افغان شہری اور اشتہاری مجرم گرفتار

جہلم میں پولیس نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سپیشل سرچ آپریشن کے دوران 467 افراد کی چیکنگ کیں، سرچ آپریشن میں 4 افغان شہری اور ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پولیس نے ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ ضلع کے 16 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 467 افراد، 197 گھروں اور 13 بس اسٹینڈز و ہوٹلوں کو چیک کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دورانِ کارروائی تھانہ دینہ کے علاقہ سے غیر قانونی طور پر مقیم 4 افغان شہریوں جبکہ تھانہ چوٹالہ کے علاقہ سے ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ سرچ آپریشنز دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص یا غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
پولیس کے مطابق بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، لہٰذا شہری کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔



