جہلم: پنڈدادنخان کے علاقے کندوال میں جوہڑ کا پانی نکالنے کے لیے ڈی واٹرنگ سیٹ نصب

جہلم/ پنڈدادنخان: ڈپٹی کمشنر جہلم کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے موسمِ باراں میں ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادن خان، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم، سی ای او ضلع کونسل اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پنڈ دادن خان کی مشترکہ کاوشوں سے ضلع کونسل سے ایک ڈی واٹرنگ سیٹ مہیا کیا گیا ہے۔
یہ ڈی واٹرنگ سیٹ ریسکیو ٹیم کی معاونت سے ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر کی سربراہی میں تحصیل پنڈ دادن خان کے گاؤں کندوال میں نصب کیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد گاؤں میں موجود ایک جوہڑ (تالاب) میں جمع زائد پانی کو بروقت نکالنا ہے تاکہ آنے والی مزید بارشوں کی صورت میں اس تالاب کے ٹوٹنے یا پانی کے گھروں میں داخل ہونے کے خطرے کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔
انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام ایک احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے۔ گزشتہ بارشوں کے بعد سے ہی ضلعی انتظامیہ نے ایسے تمام حساس مقامات کی نشاندہی کی تھی جہاں سیلاب یا پانی کے داخلے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
اس موقع پر مقامی آبادی نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیشگی اقدامات ان کے گھروں اور فصلوں کو ممکنہ سیلابی نقصان سے بچانے میں کلیدی ثابت ہوں گے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم نے بتایا کہ انتظامیہ موسمِ باراں کے دوران ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے اور ضرورت پڑنے پر فوری ردعمل کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔



