ضلع جہلم میں یوم دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

جہلم: وطن عزیز کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کیلئے ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی یوم دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
یوم دفاع کے حوالے سے میجر اکرم شہید پارک میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں میجر جنرل محمد انتخاب عالم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صباء سحر، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ، اعلی فوجی و سول افسران، میجر اکرم شہید کے اہلخانہ سمیت دیگر شہدائے پاک فوج کے اہلخانہ اور سماجی و سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جنرل آفیسر کمانڈنگ 23 ڈویژن نے جہلم میں میجر محمد اکرم شہید کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ آج ہم 1965 کی جنگ کی فاتحانہ وراثت کو فخر کے ساتھ یاد کر رہے ہیں، جو قوم کے ناقابل تسخیر عزم اور غیرمتزلزل جذبے کی مثال ہے۔ 59 سال قبل افواج پاکستان نے فیصلہ کن طور پر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، ایسی فتح حاصل کی جو تاریخ میں ہمیشہ کیلئے لکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک وطن کے چپے چپے کی حفاظت کے جذبہ اور عزم کوبیدار رکھنے کیلئے یوم دفاع جیسے دن ہمیں اپنی عظیم تاریخ سے روشناس کرواتے ہیں جب پاک فوج کیساتھ ماو ں بہنوں اور بیٹوں نے مل کر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اس ملک کی اہمیت، اس کی حفاظت کرنے والے عظیم جانبازوں اور اس کے روشن مستقبل کے بارے آگاہی دیں۔
تازہ ترین خبروں کیلئے ہمیں گوگل نیوز پر فالو کریں



