دینہ میں مارکیٹوں اور سڑکوں پر تجاوزات قائم کرنے والی 7دوکانیں سیل

دینہ: اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کی زیر نگرانی منگلا روڈ پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی، جس کے دوران 7 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے منگلا روڈ پر قائم کی گئی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 7 دکانوں کو سیل کرنے کا حکم دیا۔ کارروائی کا مقصد عوامی راستوں کو کلیئر کرنا اور شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ تھا۔
کارروائی کے دوران چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد فیصل، ایم او آئی چوہدری سہیل اشرف اور تجاوزات انسپکٹر عدیل بٹ سمیت دیگر عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف یہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ دکانداروں کو متعدد بار تنبیہ کی جا چکی ہے کہ وہ اپنی دکانوں کی حدود میں رہ کر کاروبار کریں اور راستوں کو کلیئر رکھیں، مگر انتباہ کے باوجود باز نہ آنے والے افراد کے خلاف اب سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہری سہولت اور قانون کی بالادستی کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں، اور آئندہ بھی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔



