اسسٹنٹ کمشنر جہلم کا فوری ایکشن، شاگردوں کو سرِبازار مرغا بنانے پر حجام کی دکان سیل کر دی، متاثرہ بچوں سے ملاقات

جہلم: اسسٹنٹ کمشنر جہلم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے شاگردوں کو سرِبازار مرغا بنانے پر حجام کی دکان سیل کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ کالا گجراں کے علاقے ریلوے پھاٹک برلب جی ٹی روڈ پر بااثر حجام کی جانب سے کم عمر شاگردوں کو سرِعام سڑک کنارے مرغا بنانے کے افسوسناک واقعہ پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مؤثر کارروائی کی۔

واقعہ منظرعام پر آتے ہی اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمٰن موقع پر پہنچے، حجام کی دکان کو فوری طور پر سیل کر دیا اور متاثرہ بچوں سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ اس دوران انہوں نے بچوں کے والدین کو یقین دہانی کرائی کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے بھی فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم حجام کو گرفتار کر لیا، جس نے معمولی بات پر اپنے تین شاگردوں کو جی ٹی روڈ پر مرغا بنا کر ذلیل و خوار کیا تھا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے غیر انسانی اور توہین آمیز رویے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ انسانی وقار کے تحفظ اور بچوں کے حقوق کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button