سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم کا القادر یونیورسٹی کا دورہ، تعلیمی سرگرمیوں اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا

سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے سوہاوہ میں واقع القادر یونیورسٹی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونیورسٹی کے مختلف ونگز میں جاری تعلیمی سرگرمیوں، انتظامی امور اور طلباء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جامع جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز، لائبریری، لیبارٹریز اور آئی ٹی سیکشن کا معائنہ کیا اور دستیاب تعلیمی وسائل کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ طلباء کے لیے جدید تحقیقی مواقع بھی پیدا کیے جائیں تاکہ وہ عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق تعلیم و تحقیق میں آگے بڑھ سکیں۔
میر رضا اوزگن نے یونیورسٹی کی سیکیورٹی، صفائی ستھرائی کے نظام اور مجموعی نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی زور دیا، تاکہ طلباء کو ایک محفوظ، پُرامن اور سازگار تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی کہ یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کا کہنا تھا کہ القادر یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور انتظامیہ کو چاہیے کہ اس ادارے کو ایک مثالی تعلیمی مرکز بنانے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے۔



