ملک محمد صادق کے فلاحی اقدامات، ٹریفک پولیس کے لیے واٹر کولرز، شجرکاری اور موٹر سائیکل پارکنگ کی تیاری

جہلم: برطانیہ میں مقیم سماجی شخصیت ملک محمد صادق نے گرمی کے موسم سے قبل شہریوں اور ٹریفک پولیس کی سہولت کے لیے قابل تحسین اقدامات اٹھاتے ہوئے شاندار چوک اور میجر اکرم شہید چوک کے سامنے قائم بس اسٹینڈ پر واٹر کولرز نصب کروا دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے 30 نئے پودے بھی لگائے گئے ہیں۔

ملک محمد صادق (یو کے) نے ان اقدامات کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں شہری سہولیات کی بہتری پر مشاورت کی گئی۔ اس مشاورت کے بعد ملک محمد صادق کی نگرانی اور سپرویژن میں سول لائن کے علاقے میں بڑی ٹینکی کے خالی پلاٹ کی صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جہاں مستقبل قریب میں موٹر سائیکل پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

خالی پلاٹ کی صفائی کا عمل رانا اشفاق احمد اور ان کی ٹیم انجام دے رہی ہے جبکہ توقع ہے کہ جلد ہی یہ جگہ مکمل طور پر صاف ہو جائے گی اور شہری وہاں اپنی موٹر سائیکلیں محفوظ طریقے سے پارک کر سکیں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف ٹریفک مسائل میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کو بھی سہولت میسر آئے گی۔

اس موقع پر ملک محمد صادق (یو کے) نے کہا کہ انہیں کمپنی ہاؤس میں دو سالہ تجربہ حاصل ہے اور مینجمنٹ کے شعبے میں ان کی عملی مہارت ہی انہیں عوامی فلاح کے کاموں کی طرف لے کر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خدمات صرف جہلم تک محدود نہیں بلکہ دیگر اضلاع اور صوبے میں بھی وہ اپنی قابلیت کے بل بوتے پر مختلف ترقیاتی کام کروا چکے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب بھی وہ پاکستان آتے ہیں، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کرتے رہیں گے، کیونکہ بے لوث خدمت ہی ان کا مشن ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button