جہلم میں ناقص صفائی اور مضر صحت کھانوں کی فروخت، شہری ہسپتال پہنچنے پر مجبور

جہلم شہر اور جی ٹی روڈ کے مختلف ہوٹلوں پر ناقص صفائی اور مضر صحت کھانوں کی فروخت کا سلسلہ بے خوفی کے ساتھ جاری ہے، جس کی وجہ سے شہری مضر صحت کھانے کھانے کے باعث ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے مضر صحت کھانے فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرنے سے گریزاں دکھائی دے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کے مطابق جہلم شہر اور جی ٹی روڈ پر موجود ہوٹلوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری کھانوں کی فروخت زور و شور سے جاری ہے۔ ہوٹلز مالکان حفظان صحت کے اصولوں کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے صرف پیسہ کمانے میں مصروف ہیں۔

ہوٹلز میں کام کرنے والے باورچی، ویٹر اور دیگر عملے کے ناخنوں میں میل، گندے کپڑے، اور بڑھی ہوئی داڑھیاں صاف طور پر نظر آتی ہیں، جو حفظان صحت کے اصولوں کی مکمل خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ اس صورت حال نے ان ہوٹلوں کو جراثیم کا گڑھ بنا دیا ہے۔

جی ٹی روڈ پر ہوٹلوں کی بھرمار کی وجہ سے بااثر ہوٹل مالکان نے جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف سڑکوں پر تجاوزات قائم کرکے پارکنگ ایریاز بنا لیے ہیں، جبکہ اندرون شہر میں ہوٹل مالکان نے تندور گلیوں میں لگا رکھے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سماجی، فلاحی اور شہری تنظیموں نے اس صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، کمشنر راولپنڈی ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، اور اسسٹنٹ کمشنر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تنظیموں نے کہا کہ غیر معیاری کھانے فروخت کرنے اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں تاکہ عوام کی صحت کو محفوظ بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button