پنجاب حکومت کا جدید سکیورٹی فیچرز سے لیس نمبر پلیٹس دوبارہ سرکاری سطح پر جاری کرنے کا فیصلہ

جہلم: پنجاب حکومت نے ایک بار پھر گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سرکاری سطح پر جاری کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت جدید سکیورٹی فیچرز اور ڈیٹا بیسڈ ٹیکنالوجی سے لیس نمبر پلیٹس متعارف کرائی جائیں گی۔

حکام کے مطابق نئی نمبر پلیٹس میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا تاکہ گاڑیوں کی نگرانی، تصدیق اور سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ اپریل 2024 میں شہریوں کو اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس مارکیٹ سے تیار کروانے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اب پنجاب حکومت نے دوبارہ سرکاری سطح پر نمبر پلیٹس کی تیاری اور اجرا کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسائز حکام کے مطابق نئی نمبر پلیٹس جدید سکیورٹی فیچرز سے لیس ہوں گی اور ان میں آر ایف آئی ڈی (RFID) چپ نصب کی جائے گی، جس کے ذریعے گاڑی کی مکمل تفصیلات فوری طور پر حاصل کی جا سکیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ آر ایف آئی ڈی بیسڈ نمبر پلیٹس سکینر کے سامنے آتے ہی گاڑی کا مکمل ریکارڈ ظاہر کر سکیں گی، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو گاڑیوں کی چیکنگ، تصدیق اور نگرانی میں آسانی ہوگی۔

اس جدید نظام کے ذریعے مشکوک، چوری شدہ یا مطلوب گاڑیوں کی نشاندہی بھی زیادہ مؤثر انداز میں ممکن بنائی جا سکے گی۔

ایکسائز حکام کے مطابق ماضی میں نمبر پلیٹس کی تیاری کا کنٹریکٹ مخصوص میٹریل کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا، تاہم جن شہریوں نے فیس جمع کروائی تھی انہیں نمبر پلیٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔

ابتدائی مرحلے میں آر ایف آئی ڈی چپ والی نمبر پلیٹس نئی رجسٹرڈ گاڑیوں کو جاری کی جائیں گی، جبکہ اس منصوبے کے آغاز کیلئے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) اور محکمہ ایکسائز پنجاب کے درمیان ابتدائی اجلاس بھی منعقد ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button