جہلم میں جی ٹی روڈ پر ٹرک اور ہائی ایس وین میں تصادم، چار افراد زخمی

جہلم میں جی ٹی روڈ پر ٹرک اور ہائی ایس وین میں تصادم سے چار افراد شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں جی ٹی روڈ پر چھاؤنی چوک کے مقام پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا، جس میں تیز رفتار ٹرک اور ہائی ایس وین آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثے کے نتیجے میں وین میں سوار چار افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
زخمی ہونے والوں میں 38 سالہ ضیاء الاسلام ولد ارشد محمود، 26 سالہ شیخ سنین ولد کوثر اقبال، 44 سالہ حیدر علی ولد ظفر علی اور 49 سالہ لیاقت علی ولد فضل حسین شامل ہیں۔
ریسکیو عملے نے فوری طور پر تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔



